پنجاب بھر میں سموگ تدارک کیلئے ٹریفک پولیس، محکمہ ماحولیات و مائنز ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل ،ترجمان

116
Smog Remedy
Smog Remedy

لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر سموگ تدارک کے لیے تین محکموں ٹریفک پولیس، محکمہ ماحولیات اور مائنز ڈیپارٹمنٹ کی 6 مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کےمطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر کل(جمعہ کو)وسیع پیمانے پر کریک ڈائون ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ مشترکہ ٹیمیں مانگا منڈی، کرتار بند، نوناریاں، سگیاں، گجومتہ، ٹھوکر نیاز بیگ پر کریک ڈائون کریں گی۔ مشترکہ ٹیمیں مٹی،ریت اور دیگر مائنز سائیٹس پر خصوصی کریک ڈائون کریں گی۔

اس کے علاہ بغیر ترپال، پانی و دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر ٹریکٹر ٹرالی چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے بتایا کہ تمام ڈی ایس پیز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی کارروائیاں کریں گے ۔انہوں نے بتایا سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی ویڈیوز پر بھی کریک ڈائون کیا جائیگا۔ عمارہ اطہر نے انسدادِ تجاوزات کیمپس کو مزید متحرک اور فعال کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال ماحول آلودہ کرنے والی 25 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کئے گئے، انتہائی خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی 6386 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کرائی گئی۔ریت،مٹی اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 24 ہزار 980 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، اسی طرح رات کے وقت آب و ہوا کو گرد آلود کرنے والی پانچ ہزار ٹریکٹر ٹرالیوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے جبکہ 533 انتہائی خستہ حال گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کینسل کروائے گئے، سکول و کالجز،بس اڈوں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں 2000 سے زائد آگاہی لیکچرز بھی دئیے گئے۔

آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی چالاننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے، 04 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔عمارہ اطہر نے بتایا کہ سموکی وہیکلز کی درستگی کیلئے متعدد سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو مراسلے بھی ارسال، کیے گئے ہیں۔