پنجاب بھر میں مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری ، نیا سپیل 14 اگست کی شام شروع ہوگا، ترجمان پی ڈی ایم اے

136
PDMA Punjab
PDMA Punjab

لاہور۔13اگست (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب کا صوبے بھر میں مزید مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری ، نیا سپیل کل (14 اگست )شام سے شروع ہو گا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 14 سے 18اگست تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی توقع ہے ،15 سے 18 اگست کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

اس دوران لاہور ، گوجرانوالہ، راولپنڈی ،سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور ، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں،موسمی صورتحال کے بارے صوبے بھر کی متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔

درایں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے پیش نظر محکمے الرٹ رہیں،اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر کمشنرز، ڈی سیز ،واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکمے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے،عوام سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں،پرانی عمارتوں، کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچائو کےلئے محفوظ مقامات پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ادارے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں ۔