پنجاب ترقی،خوشحالی وجدید عوامی سہولیات کی جانب تیزی سے گامزن ہے،عظمی بخاری

پنجاب ترقی،خوشحالی وجدید عوامی سہولیات کی جانب تیزی سے گامزن ہے،عظمی بخاری

لاہور۔4جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں گرین الیکٹرک بسوں، گرین ٹریکٹرز اور الیکٹرک بائیکس کے انقلابی منصوبوں نے عوامی خدمت، جدید ٹرانسپورٹ، زرعی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح کے نئے باب کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گرین الیکٹرک بسوں نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حقیقی انقلاب برپا کر دیا ہے،عوام کی جانب سے ان بسوں کو غیر معمولی پذیرائی مل رہی اور ان کی ڈیمانڈ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر شہر کے عوام وزیراعلیٰ مریم نواز سے اپنے شہروں میں بھی گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی درخواست کر رہے ہیں، جو اس منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں اس وقت 1100 گرین الیکٹرک بسیں عوام کو جدید، محفوظ، آرام دہ اور سستی سفری سہولت فراہم کر رہی ہیں، جن سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ جلد پنجاب کی 147 تحصیلوں تک بھی گرین الیکٹرک بسوں کی سہولت پہنچائی جائے گی تاکہ ہر شہری کو معیاری پبلک ٹرانسپورٹ میسر آ سکے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ گرین بسوں کے ساتھ ساتھ گرین ٹریکٹرز کی فراہمی کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے تاکہ کسان جدید زرعی مشینری سے مستفید ہو سکیں اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہو۔

اسی طرح نوجوانوں کے لیے الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ بھی کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، جس کا مقصد طلبا و طالبات کو باوقار، سستی اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ترجیحات میں کسان اور نوجوان سرفہرست ہیں، مریم نواز اپنے ہر ترقیاتی منصوبے میں نوجوانوں کو اولین ترجیح دیتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نوجوان طبقے میں ان کی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت میرٹ، شفافیت و عوامی خدمت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج کارکردگی، گڈ گورننس و میرٹ کے حوالے سے پنجاب کا ملک کے کسی بھی دوسرے صوبے سے کوئی موازنہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی، خوشحالی اور جدید عوامی سہولیات کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔

مزید خبریں