اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے سے تاریخی انار کلی بازار کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں اور غیر ملکی بھی بازار کا رخ کر رہے ہیں۔ آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اشرف بھٹی کی زیر صدارت اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ۔ اس موقع پر تاجروں نے حکومتی پالیسی کے مطابق اپنے کاروباری مقامات پر نئے بورڈ آویزاں کرنے کے اخراجات پر تحفظات کا اظہار کیا ۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر طبقہ مالی مشکلات سے دوچار ہے اور نئے بورڈز آویزاں کرنے کا بوجھ اٹھانے کامتحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ اکثر دکاندار کرائے کی دکانوں میں کاروبار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ۔
انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کی ترقی کے لئے بہترین اقدامات اور مسائل سے دوچار طبقات کی پریشانیوں کے حل کے لئے اقدامات کر رہی ہیں ۔ انہوں نے اعلی ٰ حکام سے اپیل کی کہ ہمارے مطالبے پر ہمدردانہ غور کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق تشہیری بورڈز آویزاں کرنے کیلئے تاجروں سے رقم وصول کرنے کی بجائے حکومت اپنے بجٹ سے اخراجات کرے ۔