پنجاب حکومت پوری توجہ ، محنت اور خلوص کے ساتھ کورونا وائرس کی روک تھام اور متاثرین کے علاج معالجے کی کوششیں کر رہی ہے، ، صوبے کے ہسپتالوں میں دس ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی، راجہ راشد حفیظ

105

راولپنڈی ۔ 25 مارچ ( اے پی پی) حکومت پنجاب کے کوویڈ۔ 19 (کورونا وائرس )کنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچارج اور پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہونے والے کسی بھی شخص کی بیماری کو چھپانا قابل سزا مجرمانہ فعل ہے۔پنجاب انفیکشس ڈیزیز پریونشن آرڈیننس 2020کے تحت راولپنڈی میں عالمی معیار کی لیول تھری لیبارٹری قائم کی جائے گی جس میں ہر قسم کے ٹیسٹ کی سہولت موجود ہوگی، اسی معیار کی چار لیبارٹریاں بہاولپور، فیصل آباد ، گوجرانوالہ اور ڈیرہ غازیخان میں بھی بنائی جائیںگی، انہو ںنے یہ بات راولپنڈی ، جہلم ، اٹک اور چکوال میں کورونا وائرس سے بچائو کے اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بریفنگ لیتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب پوری توجہ ، محنت اور خلوص کے ساتھ کورونا وائرس کی روک تھام اور متاثرین کے علاج معالجے کی کوششیں کر رہی ہے، کابینہ اجلاس میں کسی بھی متاثرہ شخص کی موت کی صورت میں اس کے لواحقین کو 8 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ پنجاب اور وفاق کی حکومتیں متاثرہ لوگوں کی خصوصی امداد کے ساتھ ساتھ روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے اپنے ہم وطنوں کی محرومیوں اور مجبوریوں کو دور کرنے کی ہر ممکن عملی کاوشیں کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے لوگوں کے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنے میں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور ان کا معاون عملہ جس طرح فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے وہ انسانیت کی اعلی ترین مثال ہے اور حکومت ان کے اس جذبے کو سراہتی ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے دس ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی جن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہے، وبائی امراض سے تحفظ کیلئے ہر شہر میں ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کو خصوصی تربیت بھی دی جائے گی جس کیلئے چین سمیت بین الاقوامی تعاون بھی حاصل کیا جائے گا، راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ جس طرح صوبے کے دیگر شہروں میں کورونا ایمر جنسی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اسی طرح راولپنڈی ، جہلم ، اٹک اور چکوال کے اضلاع میں بھی ہمہ جہت حفاظتی اقدامات پوری توجہ کے ساتھ اٹھائے گئے ہیں، انہوں نے اس سلسلے میں کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، اعلی پولیس افسران اور ان تمام کے معاون عملے سمیت وزیر اعلی کے مشیر آصف محمود ، اراکین اسمبلی اور یونین کونسلوں کی سطح پر عوامی نمائندوں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔