لاہور۔27جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے ایس ایم ایز کو ترقی دینے اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ جمعرات کو مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ کے عالمی دن پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار اور انٹرپرینیورشپ میں جدت کی حوصلہ افزائی اور فروغ کیلئے اقدامات کے عزم کا دن ہے، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززمعیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں،ا نٹرپرینیورشپ کے کلچر کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،چھوٹے کاروباروں میں سرمایہ کاری، اقتصادی استحکام اور معاشی خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے ایس ایم ایز کو ترقی دینے اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے، حکومت ایم ایس ایم ایز کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور مدد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے لاجسٹک سپورٹ، ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز صرف اقتصادی ترقی ہی نہیں بلکہ معاشی عدم مساوات کم کرنے میں کردار ادا کرتا ہے،پنجاب میں ایس ایم ایز کے ذریعے روزگار کے بڑے مواقع میسر ہیں،ایس ایم ایز کامینوفیکچرنگ، خدمات، اور تجارت میں متنوع آپریشنز کے ذریعے پنجاب کی جی ڈی پی میں نمایاں حصہ ہے، ایس ایم ایز کی برآمدی صلاحیت سے غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوتا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت زراعت ، لائیو سٹاک، گارمنٹس سمیت ہر شعبے میں ایس ایم ایز کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ،زرعی قرضے فراہم کر کے کاشتکاری کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے ترقی کے مواقع سامنے آئیں گے ، ایس ایم ایز کی برآمدی صلاحیتوں کو بڑھا کربین الاقوامی منڈیوں تک رسائی آسان بنائی جا رہی ہے