پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی رپورٹ،2024 میں پراپرٹی کے حوالے سے جرائم بارے کالز میں 13 فیصد کمی ریکارڈ

106
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی رپورٹ،2024 میں پراپرٹی کے حوالے سے جرائم بارے کالز میں 13 فیصد کمی ریکارڈ

لاہور۔31دسمبر (اے پی پی):پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر 2024 میں پراپرٹی کے حوالے جرائم بارے موصولہ کالز میں مجموعی طورپر 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ہیلپ لائن 15 پر ڈکیتی کی کالز میں جنوری سے دسمبر 2024 کے درمیان گزشتہ سال کی نسبت 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،

گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں کی کالز میں 19 فیصد کمی،گاڑی چوری کی وارداتوں میں 23 فیصد، موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اسی عرصہ میں 19فیصد کمی ،دیگر گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 21 فیصدکمی ، موٹر سائیکلوں اور گاڑیاں چھیننے کی کالز میں 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 2024 میں ڈکیتی کے رجسٹرڈ کیسز میں گزشتہ سال کی نسبت 25 فیصد، ڈکیتی کے رجسٹرڈ کیسز میں 9 فیصد کمی ،گاڑیاں، موٹر سائیکل چھیننے کے رجسٹرڈ کیسز میں 3 فیصد جبکہ چوری کے رجسٹرڈ کیسز میں 13 فیصد کمی ہوئی۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سسٹم کے مطابق جرائم کی موصولہ کالز پر مصدقہ شکایت کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کیا جاتا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ہیلپ لائن 15 کی کالز میں سنگین وارداتوں، سٹریٹ کرائمزمیں کمی کا رجحان پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری کا عکاس ہے، شہر کے تمام تھانوں میں فری رجسٹریشن آف کرائم کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پنجاب پولیس کا واحد فوکس شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور مجرموں کی سرکوبی ہے۔