پنجاب فوڈاتھارٹی کا لاہور میں ناقص خوراک کے خلاف آپریشن

Punjab Food Authority,
Punjab Food Authority,

لاہور۔13دسمبر (اے پی پی):صحت عامہ کے حصول کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ناقص خوراک کا مکروہ دھندہ کرنے والے مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے میٹ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ ٹولنٹن مارکیٹ میں چھاپہ مار کارروائی کی۔ دوران چیکنگ 300 بیمار، لاغر مرغیوں کا فلاک برآمد کر لیا گیا۔ برآمد شدہ 300 بیمار مرغیوں کا فلاک تحویل میں لے کے تلف کر دیا گیا، مزید برآں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ بیمار لاغر مرغیاں گاڑیوں میں لائی گئیں جبکہ چیکنگ کے دوران انتہائی لازم ریکارڈ عدم موجود پایا گیا،

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ بیمار مرغیوں کے گوشت کو شہر میں ہوٹلز اور پکوان سنٹرز پر سپلائی کیا جانا تھا۔بیمار مرغیوں کے گوشت کا استعمال معدہ، جگر اور آنتوں کی مختلف بیماریوں کا سبب بنتا ہے،ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ناجائز اور زیادہ منافع کے لالچ میں انسانی جانوں کیساتھ کھلواڑ کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔جعلساز مافیا کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ہے، مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ پنجاب بھر میں خوراک کا کاروبار کرنے والے پیور فوڈ ریگولیشنز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔