ڈیرہ غازی خان ۔23 اپریل (اے پی پی):عوام تک معیاری خوراک پہنچانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک ہے،ڈیرہ غازی خان،مظفرگڑھ،راجن پور میں کئی فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی،حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر ملک شاپس،کریانہ سٹورز اور بیکریوں کو بھاری جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق جام پور روڈ ڈی جی خان میں معروف بیکری کو خوراک کی تیاری میں ٹوٹے انڈوں،رینسڈ آئل کا استعمال کرنے اور ناقابلِ سراغ اجزاء کی موجودگی پائے جانے پر 30 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔اسی طرح کلمہ چوک ڈی جی خان میں 2 ملک شاپس کو پانی ملا دودھ فروخت کرنے پر 12 ہزارروپے کے جرمانے کئے گئے۔
اس کے علاوہ بستی کمال پور مظفرگڑھ میں ڈیری پروڈکشن یونٹ کو کھوئے کی تیاری میں سٹارچ کی ملاوٹ کرنے پر 10 ہزارروپے ،مزید فتح پور روڈ مظفرگڑھ میں سپر سٹور کو ایکسپائرڈ اشیاء کی فروخت کرنے جبکہ ملک شاپ کو دودھ میں پانی کی ملاوٹ کرنے اور چوک سرور شہید میں واقع ہوٹل کو کھانے پینے کی اشیاء ڈھانپ کر نہ رکھنے پر 28 ہزارروپے کے جرمانہ کیا گیا، مزید برآں کوٹ مٹھن راجن پور میں بیکری یونٹ کو خوراک کی تیاری میں ناقابلِ سراغ اجزاء کی ملاوٹ کرنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔