شیخوپورہ ۔ 13 نومبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی شیخوپورہ نےخوراک سے منسلک 80 کاروباروں کا معائنہ کر کے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 87 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ اور دو یونٹ کو سیل کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے معیاری دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلع شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران 52 ہزار 250 لٹر دودھ کو چیک کیا گیا۔
مزید براں مضر صحت ، غیر معیاری ، ناقص اور ممنوع اشیاء جن میں 100 لیٹر انڈوں کی پیسٹ ، 20 کلو مربہ ، 30 کلو آلو ، 2 کلو چلی پاؤڈر ، 29 کلو مرچیں ، چائنہ نمک ، کیمیکلز سمیت متعدد بیکری آئٹمزکو موقع پر تلف کیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت اشیاء کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو صاف ستھری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ہمیشہ کی طرح لوگوں کو صاف ستھری اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔