پنجاب فوڈ اتھارٹی نے زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر دو بڑے فوڈ مارٹس کو بھاری جرمانہ کردیا

154
Punjab Food Authority

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر دو بڑے فوڈ مارٹس کو بھاری جرمانہ کردیا۔

پی ایف اے کے ترجمان کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر عوام کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں مارٹس و دیگر ہول سیلر اور ریٹیلرز کی یومیہ بنیادوں پرچیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔

اس ضمن میں گزشتہ روز راولپنڈی کی تحصیل کلر سیداں روڈ پر واقعہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دو فوڈ مارٹس میں چیکنگ کی ۔دوران جانچ پڑتال فوڈ مارٹس سے سینکڑوں کی تعداد میں ایکسپایئرڈ پروڈکٹس برآمدکی گئیں۔ایکسپایئرڈ مصنوعات میں کولڈ ڈرنکس، مصالحہ جات اور کرپس شامل تھیں۔

پی ایف اے ٹیموں نےمارٹس کو زائد المعیاد پروڈکٹس رکھنے پر 1لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کے پیش نظر شہری چیزیں خریدتے وقت ان کی ایکسپائری ڈیٹ لازمی چیک کیا کریں۔