پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قوانین کی خلاف ورزیوں پر 14 پوائنٹس کو 2لاکھ سے زائد کے جرمانے، 6 کو اصلاحی نوٹس جاری کر دئیے

128
Punjab Food Authority

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):لاہوریوں کو محفوظ خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی ان ایکشن ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ہفتہ کے روز فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے مون مارکیٹ اقبال ٹاؤن میں 20 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قوانین کی خلاف ورزیوں پر 14 پوائنٹس کو 2لاکھ 16ہزار کے جرمانے، 6 کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ فوڈ پراسیسنگ ایریا میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، مکھیوں مچھروں کی بہتات پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن، ذاتی صفائی نہ ہونے پر 14کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکلز عدم موجود پائے گئے۔ فریزر کی ناقص صورتحال، بدبودار فریزر میں دودھ اور گوشت اکٹھا رکھا پایا گیا۔ عاصم جاوید نے مزید کہا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین کے مطابق کام کریں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا ملاوٹ اور جعلساز مافیا کا قلع قمع کرنے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں ہمہ وقت میدان میں سرگرم ہیں۔ رمضان المبارک میں غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعلساز مافیا معاشرے کا ناسور ہیں، خاتمے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں۔