پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

167
Punjab Food Authority

فیصل آباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد ڈویژن نے سال 2023ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔سال بھر میں 99 ہزار سے زائد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی ،ناقص خوراک تیار کرنے پر 412 یونٹس بند کیے،127مقدمات درج کیے اور 11ہزار 900 سے زائد فوڈ پوائنٹس کوبھاری جرمانے عائد کئے گئے۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ328 کنال پر گندے پانی سے سیراب کی جانے والی ہزاروں کلو تیار سبزیاں تلف کی گئیں۔

ایک لاکھ 22ہزارلٹر سے زائد دودھ،16 ہزار کلو سے زائد گوشت،19ہزار کلو سے زائد ملاوٹی مصالحہ جات، 15سو کلو سے زائد دالیں تلف کی گئیں۔اسی طرح27ہزار لٹر ناقص پانی، 4ہزار لٹر آئل،16ہزار کلو مکھن، 75سو لٹر جعلی کاربونیٹڈڈرنکس،21ہزار سے زائد گٹکا سمیٹ 22ہزار کلو دیگر ممنوعہ زائد المعیاد اشیاء بھی تلف کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ خوراک کے معیار کی تفصیلی جانچ کے لئے 2144 سے زائد فوڈ سیمپل لیبارٹری بجھوائے گئے۔ ہر گھر میں معیاری خوراک کی فراہمی کے لئے بین الاقوامی طرز پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔خوراک کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ملاوٹ اور جعل ساز مافیا کے خاتمے کے لئے مسلسل کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔