پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی سال2023کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ جاری

133

چنیوٹ۔ 01 جنوری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ نے سال2023کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی ہے، سال 2023میں 13600 فوڈ بزنسز کو مزید بہتری کے لئے اصلاحاتی نوٹسز جاری اور1794 فوڈ بزنسز کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک کروڑ 23 لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ نے 2023 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری ہے،

سال 2023 میں ٹوٹل 15600 فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا گیا جن میں 12000 ریٹیلرز اور 3500 سے زائد پروڈکشن یونٹس شامل ہیں، 13600 فوڈ بزنسز کو مزید بہتری کے لئے اصلاحاتی نوٹسز جاری اور1794 فوڈ بزنسز کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک کروڑ 23 لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔سال 2023 میں 47 فوڈ بزنسز کو انتہائی ناقص انتظامات اور ملاوٹ زدہ خوراک کی فروخت کی وجہ سے بند کیا گیا اور ملاوٹی اشیاء کی تیاری پر 9 افراد پر مقدمات کا اندراج کروایا گیا۔

سال 2023 میں 2738 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 10 لاکھ لیٹر سے زائد دودھ چیک کیا گیا اور ناقص دودھ کی فراہمی پر 492 گاڑیوں کو 14 لاکھ 75 ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور 11330 لیٹرز ملاوٹ شدہ دودھ موقع پر تلف کروا دیا گیا۔جبکہ 2 دودھ بردار گاڑیوں کو ملاوٹ شدہ دودھ ترسیل کرنے پر مقدمہ درج کروا کر حوالہ پولیس کیا گیا۔دودھ کی کوالٹی کنٹرول کرنے کے لیے سال بھر میں 2050 دودھ فروخت کرنے والی دکانوں کو چیک کیا گیا اور غیر معیاری دودھ کی فروخت پر 275 دوکانوں کو 21 لاکھ 50 ہزار کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور 7278 لیٹرز ملاوٹ شدہ دودھ موقع پر تلف کروا دیا گیا،18600لیٹر ملاوٹی دودھ 367 لیٹر غیر معیاری گندے آئل اور 317 کلو ایکسپائرڈ اور ملاوٹی مرچ مصالحہ جات اور 1050 لیٹرز ایکسپائرڈ بیوریجز کو دوران معائنہ فوڈ سیفٹی ٹیمز نے ضائع کروا یا۔

دوران معائنہ سال 2023 کے دوران 241 مشکوک اشیائے خورد نوش کے نمونہ جات حاصل کرکے لیبارٹری تجزیہ کے لئے بھیجے گئے اور 16 ایکڑ اراضی پر گندے پانی سے کاشت سبزیوں کو تلف کیا گیا،قوانین سے آگاہی اور عوام کی صحت کے پیش نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی جانب سے 135 آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور 800 سے زائد فوڈ بزنسز سے منسلک افراد کی ٹریننگ کروائی گئی۔سال 2023 میں 167 خوراک سے متعلق عوامی شکایت کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی محفوظ اور ملاوٹ سے پاک صحت مند خوراک کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور مستقبل میں بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔