لاہور۔28اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے شیخوپورہ روڈ پر واقع چیز پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ مار کر 10ہزار کلو ایکسپائر ناقص ویجیٹیبل فیٹ ، 6350 کلو زائد المیعاد پائوڈر اور 5710 کلو ایکسپائر چیز تلف کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق پروڈکشن یونٹ کو 10لاکھ جرمانہ عائد کر کے مقدمہ درج کروایا گیا اور ضبط شدہ خام مال اور تیار چیز تلف کر دیا گیا۔
اس سلسلہ میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ایکسپائر فنگس زدہ موزریلا چیز میں کیمیکلز کی ملاوٹ سے دوبارہ چیز تیار کیا جا رہا تھا اور ایکسپائر پائوڈر،انتہائی ناقص فیٹس سے ٹی وائٹنر اور ملک پائوڈر بھی تیار کیا جا رہا تھا۔ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا کہ فنگس سے بھرپور چیز کو کولڈ سٹورمیں زمین پر بغیر پیکنگ اور ڈھانپے رکھا پایا گیا۔کولڈ سٹور سے برآمد ہونے والی چیز بھی گندی بدبودار ایکسپائر نکلی۔
زنگ آلود ڈرموں میں رکھے کیمیکلز بھی ایکسپائر، سٹوریج کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ناقص چیز اور ٹی وائٹنر کو دلکش پیکنگ لگا کر مارکیٹ اور فوڈ پوائنٹس کو سپلائی کیا جانا تھا۔ یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا کر تیار اور خام مال تلف کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ زائد المیعاد اور فنگس لگی اشیا خورونوش کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔
خوراک میں جعلسازی سنگین جرم ہے،ملاوٹ مافیا کے خاتمے کیلئے قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ لاہور اور پنجاب بھر میں صحت دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کریک ڈائون جاری ہے۔شہری گھر میں تیار خوراک کو ترجیح دیں، مارکیٹ سے خریدی جانے والی اشیا کی جانچ کو یقینی بنائیں۔خوراک کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223پر اطلاع دیں۔