پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کارروائیاں ،متعدد پوائنٹس کو جرمانے

156
Punjab Food Authority

ڈیرہ غازی خان۔ 24 جنوری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد مگسی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈی جی خان میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے ریسٹورنٹس، سپر سٹورز کی انسپکشن کی، دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 34 ہزار 640 لٹر دودھ کی چیکنگ، 220 لٹر ملاوٹی دودھ،35 کلو بیکری آئٹمز، 32 لٹر رینسڈ آئل، 10 کلو مضر صحت گوشت اور 7 کلو بدبودار کریم تلف کر دی ۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی کی سربراہی میں ڈی جی خان میں ملاوٹ مافیا کیخلاف آپریشن کیا گیا اور 2 ریسٹورنٹس، سپر سٹور، 5 دودھ بردار گاڑیوں کو خلاف ورزیوں پر 1 لاکھ 91 ہزار روپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔

اس کے علاوہ کھانوں کی تیاری میں رینسڈ آئل، ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ، زائدالمیعاد خوراک کی موجودگی پر جرمانے کیے گئے۔فوڈ پوائنٹس پر مضر صحت گوشت اور بدبودار ڈیری آئٹمز کی موجودگی بھی پائی گئی۔ریسٹورنٹس اور سپر سٹور کو بلخ سرور کالونی، غازی گھاٹ اور پل ڈاٹ پر چیک کیا گیا۔ اسی طرح غازی گھاٹ ٹول پلازہ اور تونسہ بائی پاس پر 95 دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی،87 گاڑیوں کے سیمپل پاس جبکہ 8 گاڑیوں کے سیمپل فیل ہونے پر ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو چیک کیا جارہا ہے اور عوام کو ملاوٹ سے پاک خالص خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔