پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 2ہزار لٹر دودھ، 400کلو ناقص مٹھائی، 370 کلو گلے سڑے مربہ جات، 378 کلو زائد المیعاد خام مال اور استعمال شدہ آئل تلف

132
Punjab Food Authority

لاہور۔29جنوری (اے پی پی):غیر معیاری خوراک کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاون جاری ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر بھر میں فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ اورناکہ بندی بھی کی ۔ تفصیلات کے مطابق داخلی راستوں کی ناکہ بندی اور گوالمنڈی اور سٹی ایریا میں 18معروف فوڈ پوائنٹس، سویٹس یونٹس اور ایک لاکھ لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ناقص انتظامات پر ایک یونٹ کی پروڈکشن بند کر کے 10 فوڈ پوائنٹس کو 2لاکھ 83ہزار کے جرمانے عائد کر دئیے گئے۔

بیکنگ کے دوران 2ہزار لٹر دودھ، 400کلو ناقص مٹھائی، 370 کلو گلے سڑے مربہ جات، 378 کلو زائد المیعاد خام مال اور استعمال شدہ آئل تلف کر دیا گیا۔ عاصم جاوید ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ لاہور، شیخوپورہ اور قصور میں ناکہ بندی کے دوران 67دودھ بردار گاڑیوں میں آنے والے 1لاکھ لٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا۔زائد المیعاد خام مال برآمد ہونے پر ایکشن لیا گیا۔

مزید برآں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ صفائی کے ناقص انتظامات10 کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔یونٹ میں موجود حشرات زدہ مربہ زنگ آلود ڈرموں میں رکھا پایا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران 7 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ مضر صحت اجزا سے تیار مٹھائیوں اور مربہ جات کو پیک کر کے فروخت کیا جانا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ 2ہزار لٹر سے زائد تلف کردہ ملاوٹی دودھ کو لاہور کی مختلف چھوٹی دکانوں اور سوسائٹیز میں سپلائی کیا جانا تھا۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ اور جعلساز مافیا کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ شہری شکایات کی صورت میں 1223پر اطلاع دیں۔