پنجاب میں انسانی حقوق کے تحفظ کا باقاعدہ روڈ میپ وضع کیا گیا ہے ، صوبائی وزیر اقلیتی امور

131

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں انسانی حقوق کے تحفظ کا ایک باقاعدہ روڈ میپ وضع کیا گیا ہے اور اس پر صوبائی حکومت عملدرآمد کرکے انسانی حقوق کے تحفظ میں درپیش تمام چیلنجز کو حل کرے گی اور اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے یہ بات یہاں یوم انسانی حقوق کے حوالے سے حقُوق پاکستان ٹو منصوبے کی لانچنگ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں نمایاں انسانی حقوق کے ماہرین، حکومتی افسران اور بین الاقوامی نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ کے لئے اداروں کے درمیان تعاون پر توجہ مرکوز کرنا تھا۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح طور پر کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ انکی حکومت کی ترجیح ہے اور اس کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تعلیم اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس سے اقلیتی گروپوں کو آگاہی اور بااختیار بنانے میں مدد ملتی ہے۔ صوبائی وزیر نے پاکستان میں اقلیتی کمیونٹی کے مخصوص چیلنجز پر بھی بات کی اور ان کے تحفظ اور شامل کرنے کے لیے پالیسیوں کے عملی نفاذ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ انسانی حقوق کے اقدامات کے مؤثر نفاذ کے لیے حکومت کے تمام سطحوں پر تعاون اور سول سوسائٹی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک ضروری ہے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان کے انسانی حقوق کے عالمی معیارات اور معاہدوں کے ساتھ ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں خاص طور پر پنجاب کا کردار ان معیارات کے نفاذ میں انتہائی اہم ہے۔