پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ خصوصی مہم (آج)سے شروع ہو گی،وزیراعلیٰ کی صوبہ بھر میں انسداد پولیو کی موثر مہم چلانے کی ہدایت،عثمان بزدار

آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانیوالے بے نقاب ہو چکے،عثمان بزدار

لاہور۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے صوبہ بھر میں انسداد پولیو کی موثر ترین مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ خصوصی مہم آج 30 نومبر سے شروع ہو گی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنروں کو ذاتی طور پر انسداد پولیو مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کو انعام دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسینیشن کو موثر بنانے کیلئے مزید 2 ہزار ویکسینیٹرز بھرتی کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاہور اور جنوبی پنجاب کے بعض متاثرہ اضلاع میں انسداد پولیو مہم پر خصوصی توجہ دی جائے،پولیو ہمارے لئے نیشنل چیلنج ہے، ہر صورت قابو پانا ہے،پولیو کیس اور انوائرمنٹ سیمپل پازیٹو آنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے باز پرس ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اعداد و شمار میں گڑبڑ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، انسداد پولیو کی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے 3500 مائیکرو پلان تیار کئے گئے ہیں،اڑھائی لاکھ سے زیادہ افسر اور اہلکار انسداد پولیو مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ 92 لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو ویکسنیشن پلائی جائے گی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے13 اضلاع میں پولیو کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جبکہ10 اضلاع میں پولیو کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے، ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، ڈاکٹر مراد راس، چیف سیکرٹری، عالمی ادارہ صحت کے صوبائی سربراہ، یونیسیف لاہور کی ٹیم لیڈر، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام جبکہ صوبے بھر سے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔