پنجاب میں پہلی بار محرم میں انٹرنیٹ و موبائل سروس مکمل ایکٹیو ہے، وزیراعلی مریم نواز محرم الحرام کے جلوسوں کی خود نگرانی کررہی ہیں،عظمیٰ بخاری

126

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار محرم الحرام میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس مکمل ایکٹیو ہے،صوبہ بھر میں مجالس اور جلوسوں کے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔

یوم عاشور پر اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ تمام بڑے جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کئے گئے ہیں، وزیراعلی پنجاب مریم نواز محرم الحرام کے جلوسوں کی خود نگرانی کررہی ہیں،پولیس سمیت سکیورٹی کے دیگر ادارے مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلی بار محرم الحرام میں وزیراعلی پنجاب کی جانب سے عزا دار امام حسین علیہ السلام کے لیے نیاز اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں صبر، استقامت اور روادی کا درس دیتا ہے،نواسہ رسولﷺاور انکے جانثاروں نے کربلا میں عظیم داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک مثال رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے کونے کونے میں اسلام کی روشنی کربلا میں نواسہ رسولؐ کی عظیم شہادت کی وجہ سے ہے ،امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں،شہدا کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کو تاقیامت آفاقی کردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کربلا میں حضرت زینب سلام اللہ علیہ کا کردار بھی خواتین کے لیے مشعل راہ ہے،حضرت غازی عباس علمدار کی امام حسین سے وفاداری رہتی دنیا تک مثال رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حسینیت ہمیشہ انسانیت کے لئے باعث فخر اور یزیدیت لعنت کی مستحق رہے گی۔