لاہور۔20مارچ (اے پی پی):پنجاب پولیس اور نجی کالج (شمیم رمضان کالج آف ہیلتھ سائنسز) کے درمیان ایم او یو طے پا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی ای او کالج شاہد رسول نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایم او یو شہدا اور ملازمین کے بچوں کی اعلی فنی تعلیم کیلئے طے پایا۔ایم او یو کے تحت پولیس شہدا کے بچوں کو فارمیسی ٹیکنیشن، ڈسپنسر ، میڈیکل لیب ، آپریشن تھیٹر اور ریڈیالوجی ٹیکنالوجی کے سپیشلائزڈ کورسز بالکل مفت کروائے جائیں گے۔ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو تمام کورسز فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گئی،وہاڑی ، اوکاڑہ ، جھنگ ، عارف والہ اور شورکوٹ میں قائم پانچ کالجوں میں پولیس ملازمین ڈسکائونٹ سے مستفید ہو سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق دستخط کی تقریب کے موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سکلز بیسڈ ڈگری پروگرامز اور کورسز میں تعاون پر نجی کالج کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس احسن اقدام سے پولیس ملازمین کے بچے فنی تعلیم کی ڈگریاں حاصل کرکے باعزت روزگار حاصل کرسکیں گے۔نجی کالج کے سی ای او شاہد رسول نے پنجاب پولیس شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا اور ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین اور اے آئی جی ویلفیئر عمارہ شیرازی سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔