پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل نے 4 قتل کی وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو گرفتار کر لیا

143
Dr. Usman Anwar
Dr. Usman Anwar

لاہور۔22جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا سنگین جرائم میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے سخت کریک ڈائون جاری ہے ۔ پنجاب پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہیڈ منی کے خطرناک اشتہاری مجرم کو بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کے دوران لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا ۔

پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم نے 4 قتل کی 2 وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے گرفتار کیا، اشتہاری فتح داد 2003 ء اور 2008 ء میں درج 2 مقدمات میں گجرات پولیس کو مطلوب تھا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اشتہاری فتح داد کی گرفتاری پر 2 لاکھ روپے ہیڈ منی مقرر کر رکھی تھی، خطرناک مجرم کئی برسوں سے بیرون ملک مقیم تھا، ملزم نے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم نے ملزم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے گرفتار کر کے گجرات پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے طویل عرصہ بعد ملزم کی گرفتاری پر آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ اور ڈی پی او گجرات اور انکی ٹیم کو شاباش دی ۔ آئی جی نے ہدایت کی کہ اے کیٹیگری میں شامل دیگر خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈائون مزید تیز کیا جائے ۔