پنجاب پولیس کی کامیاب کارروائی، قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار

89
خاتون سے پرس چھین کر فرار ہونے والا نا معلوم موٹرسائیکل سوار گرفتار

لاہور۔9اکتوبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر پنجاب پولیس بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری کوسعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا ہے، اشتہاری مجرم اعجاز اصغر10 برس سے فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا جس نے 2014 میں تھانہ ترکھانی فیصل آباد میں ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہری کو قتل کیا تھا۔

فیصل آباد پولیس نے انٹرپول سے اشتہاری اعجاز اصغر کا ریڈ نوٹس جاری کروایا اور سعودی پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے ایئر پورٹ پر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاریوں کی تعداد 83 ہوگئی ہے۔آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او اور سی پی او فیصل آباد کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے دیگر خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے وطن واپس لایا اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔