لاہور۔6 نومبر(اے پی پی )چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ پنجاب کا بینہ نے تاریخ ساز فیصلے کئے ہیں، پنجاب کا بینہ کے اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 میں ترامیم کی منظوری کے تحت سیاسی جماعت یا انتخابی پینل بنا کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی اور اقلیتوں کو مخصوص نشستوں کے ساتھ جنرل نشستوں پر بھی ووٹنگ کا حق حاصل ہوگا جبکہ انتخابی نتائج کا اعلان ریٹرننگ آفیسر کرے گا اور شکایت کی صورت میں الیکشن ٹربیونل الیکشن ایکٹ کے تحت فیصلے کرے گا، اجلاس میں پنجاب ویلج پنچایت اینڈ نیبرہڈ کونسلز ایکٹ 2019 میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب ڈی مارکیشن آف لوکل ایریاز رولز 2019 کے تحت مقامی علاقوں کی حدبندی کی منظوری دی گئی،انہوں نے کہاکہ اس اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت سکسیڈنگ لوکل گورنمنٹس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت پنجاب بھر میں 455 مقامی حکومتیں بنیں گی، اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام میں رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا اور کابینہ نے پنجاب میونسپل سروسز پروگرام میں رد و بدل کی منظوری دی، اس پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی سکیموں پر مقامی حکومتیں عملدرآمد کرائیں گی، صوبائی کابینہ کے اجلاس میں شاہی قلعہ اور اس کے بفر زون میں سیاحت کے فروغ کیلئے ہیریٹج اینڈ اربن ری جنریشن پروگرام کی منظوری دی گئی، شاہی قلعہ میں خلوت خانہ اور دیگر حصوں کو بحال کیا جائے گا،شاہی قلعہ کے اطراف میں بجلی کے بے ہنگم تار ہٹا دیئے جائیں گے اور شاہی قلعہ کے اطراف میں واقع علاقوں کی تاریخی حیثیت کو بحال کیا جائے گا، شاہی قلعہ میں فورٹ میوزیم بنایا جائے گا ،انہوں نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں لاہور اور آذر بائیجان کے شہر ناک چیوان کو جڑواں شہر قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا اور کابینہ نے اس ضمن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی،دونو ںشہروں کو جڑواں شہر قرار دینے سے برادرانہ تعلقات، معاشی تعاون، مشترکہ منصوبے شروع کرنے، وفود کے تبادلے ممکن ہوں گے،اجلاس میں ڈیرہ غازی خان میں سائوتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کی منظوری دی گئی۔