پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

84

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، حکومت نے آئندہ پانچ سالوں میں روزگار کے ایک کروڑ مواقع فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، انشاءاللہ ہم عزم، ہمت اور حوصلے سے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں گے،۔ اتوار کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آئندہ پانچ سال کے دوران روزگار کے ایک کروڑ مواقع فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، انشاءاللہ ہم عزم، ہمت و حوصلہ سے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نوجوان آبادی کو روزگار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر کے انہیں ملک کا بڑا اقتصادی اثاثہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کی فراہمی تحریک انصاف کے منشور کا اہم حصہ ہے، اس مقصد کے لیے مفید اور ثمر آور صنعتی پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی خدمات اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ نوجوان ملک کا بنیادی ستون ہیں، ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ ناممکن کو ممکن بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوان آبادی کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کرے گی، ماضی میں اس ضمن میں کوئی پیش رفت نہیں کی گئی تھی ۔