پنجاب کے وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس، سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا

188

لاہور۔8اپریل (اے پی پی):پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اس موقع پرصوبائی سیکرٹری صحت عظمت محمود بھی موجود تھے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم اور ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الرحمن نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں بارے مانیٹرنگ رپورٹ کا جائزہ لیا۔

متعلقہ افسران نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی مسلسل انسپکشن اور مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایم ایس حضرات کو بھی حالات کی بہتری کیلئے کوشش اور محنت کرنی ہو گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں اور ڈاکٹرز کے ڈیوٹی روسٹرز نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں کیو مینجمنٹ سسٹم کو فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔صوبائی سیکرٹری صحت عظمت محمود نے کہاکہ مریضوں کے لواحقین کیلئے کرسیوں اور بینچوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عظمت محمودنے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے گی۔