پنجاب ہائی وے پٹرول کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری،1082 اشتہاری و عدالتی مفرور گرفتار

پنجاب ہائی وے پٹرول نے اکتوبر کے دوران صوبہ بھر کی شاہراہوں پر جرائم کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف کارروائیوں کے دوران 35 لاکھ افراد اور 19 لاکھ گاڑیوں کو چیک کیا جبکہ 1082 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔

لاہور۔3نومبر (اے پی پی):پنجاب ہائی وے پٹرول نے اکتوبر کے دوران صوبہ بھر کی شاہراہوں پر جرائم کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف کارروائیوں کے دوران 35 لاکھ افراد اور 19 لاکھ گاڑیوں کو چیک کیا جبکہ 1082 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔

پنجاب ہائی وے پٹرول کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ای پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے چیکنگ کے دوران 712 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں جبکہ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 9 ہزار 894 گاڑیوں اور گیس سلنڈرز کے غیر قانونی استعمال پر 1999 ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 4 ہزار 829 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ 60 گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے 79 عارضی و مستقل تجاوزات کا خاتمہ بھی کیا گیا۔پنجاب ہائی وے پٹرول نےاس دوران 40 ہزار 119 مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد فراہم کی جبکہ پولیس خدمت مراکز پر 1947 شہریوں کو پولیسنگ خدمات فراہم کی گئیں۔ ناجائز اسلحہ رکھنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف 73 مقدمات درج کرکے ملزمان کے قبضے سے 3 رائفلز، 3 گنز، 59 پسٹلز اور 20 ہزار 482 گولیاں برآمد کی گئیں۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 2490 لیٹر شراب، 1740 گرام چرس، 3800 گرام بھنگ اور 3180 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ترجمان نے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول شاہراہوں پر شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام، ٹریفک کی روانی اور مسافروں کو بروقت امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

مزید خبریں