ملتان ،پولیو مہم کے پہلے دو دن میں چھ لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلا ئے گئےکوئی انکار رپورٹ نہیں ہوا

وزیر اعلیٰ پنجاب کی سپیشل اسسٹنٹ برائے پولیوعظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ پاکستان کو 2027 تک پولیو فری بنا نے کے لیےکوششیں جاری ہیں، پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے جامع اور مربو ط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ ملتان میں جاری انسداد پولیو مہم کے پہلے دودن کے دوران چھ لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ کسی …

ملتان۔ 03 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی سپیشل اسسٹنٹ برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ پاکستان کو 2027 تک پولیو فری بنا نے کے لیےکوششیں جاری ہیں، پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے جامع اور مربو ط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ ملتان میں جاری انسداد پولیو مہم کے پہلے دودن کے دوران چھ لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ کسی بھی مقام سے والدین کے انکار کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دورہ ملتان کے موقع پرڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کے ہمراہ منعقد ہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ کاردار نے کہا کہ پنجاب نے پولیو کے خاتمے کے لیے مقررہ اہدا ف حاصل کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور اس سلسلے میں تمام سرکاری ادارے مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط اقد امات کے ساتھ مہم کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے علماء کرام کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ عوام میں آگاہی پیدا کی جا سکے اور والدین کو بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔ پولیو ورکرز کو مہم کے دوران تمام ضروری سہولیات اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں انجام دے سکیں۔عظمیٰ کاردار نے کہا کہ کہ پولیو ورکرز بچوں کو قطرے پلانے کے ساتھ ان کا ریکارڈ بھی مرتب کرتے ہیں تاکہ مہم کی پیش رفت اور کوریج کا درست جائزہ لیا جا سکے۔

مہم کے دوران کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو بھی حفاظتی قطرے پلانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم نہ رہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔ ملتان کے ماحولیاتی سیمپلز منفی آنے کے باوجود پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہر بچے تک رسائی اور مقررہ اہداف کا حصول انتہائی اہم ہے۔

فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ والدین سے بھی اپیل ہے کہ وہ ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں