پندرھویں قومی اسمبلی 5 سالہ مدت پوری کرنے والی پاکستان کی چوتھی اسمبلی ہے،مجموعی طور پر 234 بل منظور کئے

103
قومی اسمبلی
پندرھویں قومی اسمبلی 5 سالہ مدت پوری کرنے والی پاکستان کی چوتھی اسمبلی ہے،مجموعی طور پر 234 بل منظور کئے

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):پندرھویں قومی اسمبلی 5 سالہ مدت پوری کرنے والی پاکستان کی چوتھی اسمبلی ہے،اس اسمبلی میں مجموعی طور پر 234 بل منظور کئے۔تحریک انصاف کی حکومت کے ساڑھے تین سال میں 126 جبکہ 13 جماعتی حکمران اتحاد نے 16 ماہ میں 108 بل منظور کئے۔

قومی اسمبلی کے اعداوشمار کے مطابق موجودہ قومی اسمبلی 13 اگست 2018 کو معرض وجود میں آئی جس میں عمران خان وزیر اعظم بنے ان کے خلاف ایوان میں عدم اعتماد کی تحریک منظور ہوئی اور 10 اپریل کو شہباز شریف نے بطور وزیر اعظم حلف اٹھایا اور 9 اگست 2023 کو اسمبلی اپنی مدت پوری کرنے سے معض چار روز قبل اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس وزیر اعظم کی جانب سے صدر مملکت کو بھجوادی گئی۔

اس سے قبل 2002 میں معرض وجود میں آنے والی اسمبلی نے اپنی مدت پوری کی۔پھر اس کے بعد 2008 اور پھر 2013 کے انتخابات میں معرض وجود میں انے والی اسمبلی نے اپنی مدت پوری کی۔اس دوران چاروں اسمبلیوں میں ایک وزیر اعظم بھی پانچ سال پورے نہیں کرسکا۔2002 سے 2007 کی اسمبلی میں تین وزراء اعظم بدلے۔2008 سے 2013 کے دوران اسمبلی میں دو وزراءاعظم بدلے گئے۔2013 سے 2018 اوراب2018 سے2023 کے دوران بھی دو دو وزراء اعظم تبدیل ہوئے۔

اس مدت میں عمران خان واحد وزیر اعظم تھے جنہیں عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا۔شہبازشریف کے سربراہی میں حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ میں کامیابی حاصل کی۔ سبکدوش اسمبلی نے اپنی مدت میں 52 سیشن منعقد کئے۔