پنشن اور پنشنری مراعات ریٹائرڈ ملازمین کا بنیادی قانونی حق ہے، وفاقی آئینی عدالت

"وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ پنشن اور پنشنری مراعات ریٹائرڈ ملازمین کا جائز اور بنیادی قانونی حق ہیں، جنہیں کسی مجاز عدالت کے حکم کے بغیر روکا نہیں جا سکتا۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ پنشن اور پنشنری مراعات ریٹائرڈ ملازمین کا جائز بنیادی قانونی حق ہے اور انہیں کسی مجاز عدالت کے حکم کے بغیر روکا نہیں جا سکتا۔

جسٹس ارشد حسین کی جانب سے تحریر کردہ 9 صفحات پر مشتمل فیصلے میں عدالت نے کہا کہ پنشن اور مراعات کی ادائیگی میں غیرضروری تاخیر قانون کی خلاف ورزی ہے جبکہ پنشن اور مراعات کی ادائیگی میں تاخیر توہینِ عدالت کے زمرے میں آ سکتی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ اعلیٰ عدلیہ اس حوالے سے متعدد فیصلے دے چکی ہے۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ اگر کسی عدالتی حکم کے خلاف بروقت اپیل یا نظرثانی دائر نہ کی جائے تو وہ فیصلہ حتمی حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔ تاخیر سے دائر کی گئی نظرثانی کو بعد ازاں آئینی درخواست کے ذریعے چیلنج نہیں کیا جا سکتا کیونکہ قانونی چارہ جوئی کو بالآخر اختتام پذیر ہونا ضروری ہے۔وفاقی آئینی عدالت نے نجی بینک کو لیبر کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے برطرف کئے گئے ڈیلی ویجز ڈرائیور محمد اکرم کو تمام سابقہ مراعات سمیت بحال کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 17 برس گزرنے کے باوجود لیبر کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ فیصلے کے مطابق لیبر کورٹ نے محمد اکرم کو تمام سابقہ مراعات کے ساتھ بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں