اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہداءکی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداءاور ان کے خاندانوں کی ملک و قوم کے لیے بے مثال قربانیوں کیلئے احسان مند رہے گی۔
ایوان صدر کے پریس وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت جمعہ کو کراچی میں ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ شہید کے گھر گئے اور شہید کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر شہید کے بلند درجات کے لئے دعا کی، ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ مستونگ، بلوچستان حملے میں شہید ہوئے تھے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذاکر بلوچ نے قومی ذمہ داری سر انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم شہداءکی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی ملک و قوم کے لیے بے مثال قربانیوں کیلئے احسان مند رہے گی۔ صدر مملکت نے شہید کے جذبہءحب الوطنی کو سراہا اور ورثاءکے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔