لاہور۔25اگست (اے پی پی):پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں چار سال کے تعطل کے بعد ڈپلومہ کورسز دوبارہ شروع کیے جا رہے ہیں۔ یہ اقدام صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود کی خصوصی دلچسپی اور ذاتی نگرانی کے باعث ممکن ہوا۔ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ )پی جی ایم آئی) 1974 میں قائم ہوا اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے ڈاکٹروں کیلئے ایک نمایاں ادارے کی حیثیت رکھتا ہے۔پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج، پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ ڈپلومہ کورسز کی بحالی ادارے کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق پی جی ایم آئی ہمیشہ میڈیکل ایجوکیشن اور تحقیق میں قائدانہ کردار ادا کرتا رہا ہے۔اب کورسز کی بحالی سے پاکستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں ایک نئی جان آئے گی اور نوجوان ڈاکٹروں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کی جا سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی جی ایم آئی کے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ادارے کا وقار بڑھا رہے ہیں۔ ڈپلومہ پروگرامز کے ذریعے خصوصی شعبوں میں تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹر مریضوں کے علاج میں جدید طریقہ کار اپنانے کے قابل ہوں گے، جس سے علاج کے معیار میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ میڈیکل ٹیچرز نے بھی اس فیصلے کو شعبہ طب میں ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ ڈپلومہ کورسز کے دوبارہ آغاز سے نہ صرف ڈاکٹروں کے لیے کیریئر کے نئے دروازے کھلیں گے بلکہ عام عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن ہو گی۔ واضح رہے کہ ڈپلومہ کورسز کی بندش کے باعث گزشتہ کئی برسوں سے ملک بھر کے نوجوان ڈاکٹروں کو اپنی مہارتوں میں اضافے اور جدید تربیت کے مواقع میسر نہیں آ رہے تھے۔پنجاب حکومت کے اس فیصلے سے نہ صرف نوجوان ڈاکٹر مستفید ہوں گے بلکہ مریضوں کی دیکھ بھال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔