پولنگ ڈے،فیسکو کے تمام فیلڈ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ،5ہزارملازمین الیکشن ڈے پر الرٹ رہیں گے

88
Fesco
Fesco

فیصل آباد ۔ 07 فروری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے آج8 فروری کوالیکشن ڈے کے سلسلہ میں فیسکوکے تمام فیلڈ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جس کے باعث5ہزارملازمین آج الیکشن ڈے پرالرٹ رہیں گے اور فیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد،جھنگ،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،میانوالی،سرگودھا،خوشاب،بھکرمیں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامرنے اے پی پی کو بتایا کہ وہ بذات خودفیسکو ہیڈکوارٹرز میں قائم مانیٹرنگ سیل میں تمام امور کی نگرانی کریں گے تاکہ بجلی کی بلاتعطل ترسیل کو مانیٹر کیاجاسکے اور ووٹرزاس اہم قومی فریضے کو احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے تمام چیف انجینئرز فیسکو کے دائرہ کار میں آنیوالے اضلاع میں ریٹرننگ آفیسرز کے ساتھ مکمل رابطہ میں رہیں گے اورپولنگ سٹیشنز میں بجلی کی بلا تعطل سپلائی کومانیٹر کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ آٹھوں اضلاع میں پولنگ کے دوران بجلی کی سپلائی کو بحال رکھنے اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نپٹنے کیلئے تمام اہلکار اور افسران ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیسکو کے سٹور کھلے رکھے جائیں گے تاکہ میٹریل کی فوری دستیابی ممکن ہوجبکہ سب ڈویژنوں کو اضافی سازووسامان اور ٹرانسفارمر ٹرالیاں مہیا کردی گئی ہیں تاکہ بجلی کی بندش کی صورت میں انہیں فوری استعمال میں لایاجاسکے۔انہوں نے بتایا کہ صارفین اپنی انفرادی شکایات فیسکو کی ہیلپ لائن 118،سب ڈویژنل دفتر کے نمبراورفیسکوکے مرکزی شکایات سنٹر کے نمبرز041-9220290 اور041-9220618 پر بھی درج کرواسکتے ہیں جنہیں فوری اٹینڈ کرکے ان کاازالہ کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیسکو ہیڈکوارٹرز سمیت پانچوں سرکلزمیں قائم ہنگامی مراکزپر موجود عملہ 24گھنٹے آن کال رہے گا اور کسی بھی جگہ ٹرپننگ یافالٹ آنے یا کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں فوری رسپانس کرتے ہوئے بجلی کی بندش اور دیگر مسائل کا فی الفور خاتمہ کیاجائے گا۔