پولٹری ویسٹ سے تیار کردہ سینکڑوں لٹر خوردنی تیل ضبط،سپلائر کے خلاف مقدمہ درج

126
Punjab Food Authority

مظفرگڑھ۔ 19 فروری (اے پی پی):ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید ملک کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز فوڈ اتھارٹی شہزاد مگسی کی سربراہی میں مظفرگڑھ ملتان روڈ پر خوردنی تیل سے بھری گاڑی پکڑی گئی،پولٹری ویسٹ سے تیار کردہ 500 لٹر خوردنی تیل ضبط کر کے سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ خوردنی تیل کے ڈرمز کے اوپر سیلنگ اور لیبلنگ بھی نہیں کی گئی تھی،بغیر لیبلنگ کے کھلا آئل خوراک کی تیاری میں استعمال کیلئے سپلائی کیا جارہا تھا،

کارروائی ویجلنس ٹیم کی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی،انہوں نے بتایا کہ غیر معیاری خوردنی تیل مختلف فوڈ پروڈکشن یونٹس، ہوٹلوں اور پاپڑ فیکٹریوں پر سپلائی کیا جانا تھا،خوردنی تیل کے سیمپل لے کر مزید جانچ کیلیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ خوراک میں کھلے اور غیر معیاری آئل کا استعمال مہلک امراض کا باعث بنتا ہے،ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ خوراک کے نام پر انسانی جانوں سے کھلواڑ کرنے والے معاشرے کے ناسور ہیں،انہیں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔