فیصل آباد 18 دسمبر (اے پی پی):پولٹری کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی جامع ترقی کیلئے بھرپور منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ سستی پروٹین کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اس کی برآمد کو بھی بڑھایا جا سکے۔فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے پولٹری کے بارے میں فیصل آباد چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جس میں کمیٹی کے کنوینر رانا سلیم اختر اور پنجاب پولٹری فارمرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئرمین میاں عمران نے بھی شرکت کی پولٹری فارمرز کیلئے بجلی کے زرعی ریٹس کے سلسلہ میں رٹ دائر کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ زراعت کا ایک شعبہ ہے لیکن متعلقہ ادارے اس کو ماننے کو تیار نہیں اسلئے اس سلسلہ میں رٹ دائر کی جانی چاہیے۔
انہوں نے فیڈ کے اجزاکی قیمتوں میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس حساب سے نہ تو فیڈ کی قیمت کم ہوئی ہے اور نہ ہی ادویات کی جس کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پولٹری کے ریٹ کو بھی باہمی مشاورت سے طے کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ڈھائی کلو کا برڈ سیل کر دیا جانا چاہیے جبکہ بروکروں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی جو بھی مسائل پیش کرے گی اس کو اعلیٰ سطح پر حل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف بھی پیش کیا اور کہا کہ زیادہ سے زیادہ پولٹری فارمرز کو چیمبر کی ممبرشپ لینی چاہیے تاکہ ان کے مسائل کو جلداز جلد حل کرایا جا سکے۔
قائمہ کمیٹی کے کنوینر رانا سلیم اختر نے کہاکہ فارمرز کا واٹس ایپ گروپ آج ہی قائم کر دیا جائے گا اور اِس میں صرف اور صرف فارمرز ہی شامل ہوں گے جبکہ ریٹ کمیٹی مشاورت سے ٹوبہ او ر پیر محل کیلئے فاصلے کے حساب سے ریٹ نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد کمیٹی کا ایک بھر پور اجلاس بلایا جائے گا جس میں مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔
پولٹری فارمرزایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین میاں عمران نے کہا کہ وہ صوبے کے 36اضلاع پر مشتمل کمیٹی قائم کریں گے جس میں ہر ضلع سے ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ انہوں نے پولٹری فارمرز کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اِن کے حل کیلئے چیمبر کے ساتھ مل کر کوششیں کی جائیں گی۔ آخر میں سوال و جواب کی بھی نشست ہوئی جبکہ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔