انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان کے قیام کےلیے جامع حکمت عملی وضع کرکے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں
پولیس حکام عیدالاضحیٰ کے موقع پر جامع حکمت عملی وضع کرکے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں، آئی جی خیبر پختونخوا
پشاور۔ 23 مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان کے قیام کےلیے جامع حکمت عملی وضع کرکے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور سے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر، صوبہ بھر کے تمام ریجنل آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ایک خصوصی حکم نامے میں جاری کیں جس میں پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروایکٹیو پولیس بن کر فرائض سرانجام دیں، دہشت گردوں کا کسی بھی واردات کو بروقت ناکام بنانے کےلیے اپنا انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید فعال بنائیں اور بالخصوص تمام شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی کا عمل تیز کرتے ہوئے موثر ناکہ بندیاں لگائیں اور ان پر سخت چیکنگ عمل میں لائیں۔ آئی جی پی نے اعلیٰ پولیس حکام کوہدایت کی کہ وہ تمام اہم تنصیبات، اعلیٰ شخصیات، عبادت گاہوں، بازاروں، ہسپتالوں، پٹرول پپمس،بینکوں، مالیاتی اداروں، ریلوے سٹیشنز، ائیرپورٹ، مال مویشی منڈیوں اور ممکنہ تخریب کاری کا نشانہ بننے والے دیگر مقامات کےلیے خصوصی مناسب حفاظتی اقدامات کریں۔ انہیں تمام اہم سڑکوں اور شاہراہوں پر مسافروں اور مویشی تاجروں کے تحفظ کو یقینی بنانے، اپنی گشت بڑھانے اور ان پر ہر قسم کی راہزنی اور ڈکیتی کی واردات کی روک تھام کو یقینی بنانے اور ڈیوٹی کے زیادہ سے زیادہ اوقات فیلڈ میں گزارنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس سربراہ نے پبلک اور تفریحی مقامات، تمام بس اڈوں اور جنرل بس سٹینڈ، بکنگ پر جانے والی گاڑیوں کا ناکہ بندی پوائنٹس پرچیکنگ کرنے، اسلحہ کی نمائش اور ہتھیار لیکر چلنے والوں کی حوصلہ شکنی کےلیے غروب آفتاب کے بعد موثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔خصوصی حکم نامے میں ٹریفک کو ہر وقت رواں دواں رکھنے اور اس مقصد کےلئے اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح اعلیٰ پولیس حکام کو شر پسندوں کے خلاف عوام کو متحرک کرنے اور ان کا تعاون حاصل کرنے، تمام اضلاع میں ریسکیو15 اور فوری رسپانس یونٹوں کو فعال اور متحرک کرنے اور اپنا اپنا کانٹنجینسی پلان تیار کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔خصوصی حکم نامے میں تمام ڈی پی اوز کو عید الاضحیٰ میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے فرائض کو بذات خود مانیٹر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔









