پولیس نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حملہ آور دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنادی، 4 دہشت گرد ہلاک،سب انسپکٹر، 4 سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری شہید

کراچی ۔ 29 جون (اے پی پی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حملہ آور دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی،پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے جبکہ حملے میں 4 سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوگیا۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ …

کراچی ۔ 29 جون (اے پی پی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حملہ آور دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی،پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے جبکہ حملے میں 4 سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوگیا۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں داخلی دروازے پر ڈیوٹی پر موجود کراچی پولیس کا سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے،حملہ آور دہشت گردوں کیخلاف پولیس کی بروقت کاروائی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں موجود تمام عملہ اور عمارت بڑی تباہی سے محفوظ رہی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حملہ آور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے میں چار سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا ہے،پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے پاس موجود جدید اسلحہ ہینڈ گرینڈ، بارود اور دیگر اشیاءکو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز کی جانب سے علاقے کو کلئیر کرنے کے لئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت اور اطراف میں سرچنگ کا عمل جاری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کے قریب مشکوک کار کو بھی چیک کیا جارہا ہے۔ایڈشنل آئی جی کراچی کی جانب سے شہر بھر میں موجود اہم تنصیبات سرکاری دفاتر اور کاروباری و تجارتی مراکز کی سیکورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔