لاہور۔9دسمبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم ہیں،مختلف سنگین عارضوں کا شکار کانسٹیبلز کو طبی اخراجات کیلئے ساڑھے 11 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے ۔
ترجمان پولیس کے مطابق بہاولپور پولیس کے کانسٹیبل نوید انجم کو طبی اخراجات کیلئے 06 لاکھ 15 ہزار روپے سے زائد ادائیگی کی گئی، جہلم پولیس کے کانسٹیبل کاشان مہدی کو طبی اخراجات کیلئے ساڑھے 05 لاکھ روپے سے زائد ادائیگی کی گئی، پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے دونوں کانسٹیبلان کو طبی اخراجات کی ادائیگی کر دی گئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صحت کے مسائل سے دوچار کسی ملازم یا اسکے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،پنجاب پولیس اپنے ذرائع سے ملازمین کو ہر ممکن تعاون کی فراہمی جاری رکھے گی۔