پولیس کا پتنگ سازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 12 ملزمان گرفتار،15ہزار پتنگیں اور500ڈور کی چرخیاں برآمد

155
Police crackdown against
Police crackdown against

فیصل آباد۔ 13 فروری (اے پی پی):فیصل آباد پولیس نے پتنگ سازوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے اور گزشتہ روز 12 ملزمان گرفتار کرکے 15ہزار پتنگیں اور500 ڈور کی چرخیاں برآمد کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق سی پی او فیصل آبادمحمد علی ضیاکے حکم پر فیصل آباد پولیس نے پتنگ سازوں اور فروخت کرنے والوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے اور ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود سے 12 ملزمان کو گرفتا ر کرلیاگیا ہے جو پتنگیں اور ڈور تیار کرکے فروخت کرنے کاکام کررہے تھے۔ملزمان کیخلاف انسداد پتنگ بازی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ سی پی او محمد علی ضیانے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں اورواضح کیا ہے کہ کسی کو بھی پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اوراس سلسلہ میں پتنگ سازوں کے ساتھ پتنگ بازوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔