
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):یوم شہدائے پولیس پر شہدا کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پولیس کے بہادر جوان پاک فوج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور فورسز کے شہدا اور ان کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،قیام امن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے قوم کے اصل ہیروز ہیں،شہیدوں کی مائوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کیے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن شہدا کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے ، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں،شہدا نے اپنی زندگیاں قربان کر دیں تاکہ ہم چین اور سکون کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔صدر چیمبر آف کامرس نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرنیوالے پولیس جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔