فیصل آباد۔ 25 اپریل (اے پی پی):پولیس کے شہداء، فوت شدگان اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کی رعائتی تعلیم و تربیت کیلئے معاہدہ طے پاگیا۔ سی پی او فیصل آباد نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد پولیس کے شہداء، فوت شدگان اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کی رعائتی تعلیم و تربیت کیلئے کینال کالج آف ہیلتھ سائنسز کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔سی پی او آفس میں ایم او یو سائننگ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر اور کینال کالج آف ہیلتھ سائنسز کے ڈائریکٹر وقاص رزاق نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔
کینال کالج آف ہیلتھ سائنسز اور فیصل آباد پولیس کے مابین معاہدے کا مقصد پولیس کے شہداء، دوران ملازمت فوت ہونیوالے، حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے زیر تعلیم بچوں کے داخلہ اور ٹیوشن اخراجات میں خصوصی رعایت فراہم کرنا ہے۔کینال کالج آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے شہدا فیملیز کے بچوں کو ٹیوشن اخراجات کی بابت 50 فیصد تک، حاضر سروس کے بچوں اور دوران سروس فوت ہونے والے ملازموں کے بچوں کو 40 فیصد رعایت کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ اس حوالے سے سی پی او فیصل آباد نے کہا کہ اداروں کے مابین اس معاہدے کا بنیادی مقصد تعلیم کے حصول کو فروغ دینا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587842