مظفرگڑہ 04 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ میاں عثمان علی نے کہا ہے کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض کے بچانے کیلئے حکومت کی سطح پر عملی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ہم اپنے بچوں کا اس بیماری سے عمر بھر کیلئے بچا سکیں،
اب یہ ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم ہر بار انسداد پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنائیں اور5سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں اور عوا م میں بھی اس کا شعور بیدار کریں کہ وہ خود سے اپنے بچوں کو ویکسین کی قطرے ضرور پلوائیں۔
یہ بات انہوں نے 8جنوری کے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس مہم کی نگرانی کریں گے اور مختلف اوقات میں مختلف مقامات پر انسداد پولیو ٹیموں کو چیک کریں گے۔
اجلاس میں سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس نے بتایا کہ 8جنوری سے شروع ہونے والی 5روزہ انسداد پولیو مہم 12جنوری تک جاری رہے گی۔ اس دوران ضلع بھر میں 8لاکھ49ہزار732 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔