پولیو کے خاتمہ کے لئے پولیو ورکرز کا بھرپور ساتھ دیں،پولیو کے خلاف جنگ میں یہ ہیروز قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہے ہیں، ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ

85
Dr. Mukhtar Ahmad Bharath
Dr. Mukhtar Ahmad Bharath

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے پولیو ورکرز کا بھرپور ساتھ دیں،پولیو کے خلاف جنگ میں یہ ہیروز قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ بلوچستان کے دوران انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا ۔

انسداد پولیو کے حوالے سے جائزہ اجلاس بلوچستان ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں منعقد ہوا۔تفصیلات کے مطابق کوآرڈینیٹر ای او سی بلوچستان نے صوبے میں پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت نے صوبائی انتظامیہ کے ہمراہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر قومی پولیو مہم کا آغاز کیا۔

ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے پولیو مہم کی کامیابی کے لئے انسدادِ پولیو ٹیموں کی محنت کو سراہا۔انہوں نے والدین سے اپیل کہ پولیو کے خاتمے کے لئے پولیو ورکرز کا بھرپور ساتھ دیں، پولیو کے خلاف جنگ میں یہ ہیروز قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہے ہیں۔