پولیو کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واک کا اہتمام ، نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی شرکت

نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):پولیو کے خاتمے کے عالمی دن ہر سال 24 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، اس دن کی مناسبت سے اتوار کو پولیو آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں وزارت صحت، طلبا، سول سوسائٹی، پاکستان پولیو پروگرام کی قیادت اور روٹری، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور بی ایم جی ایف جیسے پولیو کے خاتمے کے شراکت دار اداروں کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی کہ معذوری کا باعث بننے والا پولیو وائرس ان کی صحت کے لیے خطرہ نہ بنے ۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ یہ واک ہمارے عزم اور ہمارے ہیلتھ کیئر ہیروز کی انتھک کوششوں کا ثبوت ہے جو انتہائی مشکل حالات میں بھی بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگاتے رہتے ہیں۔ یہ ایک طاقتور بیانیہ ہے کہ مل کر ہم پولیو سے پاک پاکستان حاصل کر سکتے ہیں۔

پولیو سے بچ جانے والی سینیٹر قر ة العین مری نے پولیو اور پولیو ریگریسیو سنڈروم کے ساتھ زندگی گزارنے کے روزمرہ کے چیلنجوں کے بارے میں گفتگوکی۔ پانچ سال سے کم عمر کے بچے میں یہ صلاحیت نہیں ہوتی کہ وہ جو درد محسوس کرتے ہیں اسے بانٹ سکیں، لیکن یہ بہت تکلیف دہ بیماری ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں اقوام متحدہ کے شراکت داروں کی جانب سے روٹری انٹرنیشنل اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ ڈبلیو ایچ او کے کنٹری نمائندے نے کہاکہ پاکستان کے ہر گھر تک پہنچنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے ساتھ یہاں شرکت کرکے بہت اچھا لگا ۔ یہ کام بہت اہم ہے، ہم انسانی تاریخ کی دوسری بیماری کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسداد پولیو کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور پولیو کے خاتمے میں پاکستان کی پیش رفت پر روشنی ڈالی۔