پولیو کے خلاف غلط معلومات کا مقابلہ مستند طبی آواز سے کریں گے، عظمیٰ کاردار

وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ پولیو سے متعلق غلط معلومات کا مقابلہ ڈاکٹروں کی مستند آواز سے کیا جائے گا، پنجاب میں پولیو سے متعلق غلط معلومات کے تدارک کے لیے ڈاکٹروں کی ٹاسک فورس بنائی جائے گی جبکہ ڈاکٹروں کو چاہیے کہ وہ پولیو کے خلاف غلط معلومات کا جواب دینے کے لیے اس ٹاسک فورس کا حصہ بنیں اور اپنی …

راولپنڈی۔17ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ پولیو سے متعلق غلط معلومات کا مقابلہ ڈاکٹروں کی مستند آواز سے کیا جائے گا، پنجاب میں پولیو سے متعلق غلط معلومات کے تدارک کے لیے ڈاکٹروں کی ٹاسک فورس بنائی جائے گی جبکہ ڈاکٹروں کو چاہیے کہ وہ پولیو کے خلاف غلط معلومات کا جواب دینے کے لیے اس ٹاسک فورس کا حصہ بنیں اور اپنی آواز سوشل میڈیا پر مؤثر انداز میں استعمال کریں۔

راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں پولیو مہم کی آگاہی کے سلسلے میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ ڈاکٹروں، کمیونٹی رہنمائوں اور فرنٹ لائن ورکرز کی مشترکہ آواز ویکسین پر اعتماد مضبوط بنا سکتی ہے۔ پولیو ویکسین سے متعلق درست اور مستند معلومات والدین تک سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیاتی مثبت نمونوں میں نمایاں کمی حوصلہ افزاء ہے تاہم پولیو کے خلاف کوششوں میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ مثبت ماحولیاتی نمونوں کی موجودگی ظاہر کرتی ہے کہ وائرس کے خلاف دبائو برقرار رکھنا ہوگا۔ لاہور اور راولپنڈی میں آبادی، نقل و حرکت اور پروگرام کی پیچیدگی کے باعث مسلسل خصوصی توجہ ضروری ہے۔عظمیٰ کاردار نے کہا کہ پنجاب نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے اہم پیش رفت کی ہے، اب مقصد پولیو وائرس کی منتقلی کو مکمل طور پر روکنا ہے۔ فرنٹ لائن ورکرز پولیو پروگرام کا چہرہ ہیں، ان کی تربیت، حوصلہ افزائی اور حفاظت ترجیح رہنی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم 21 ستمبر سے شروع ہوگی جس کے دوران بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن کے عمل کو موثر انداز میں یقینی بنایا جائے گا۔پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جنرل سلمان علی نے کہا کہ ڈاکٹرز والدین کے خدشات دور کرنے اور پولیو ویکسین پر اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پولیو ویکسین سے متعلق درست اور مستند معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے والدین تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سربراہ شعبہ اطفال ڈاکٹر حنا ستار نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پولیو مہمات اور حفاظتی ٹیکہ جات کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پولیو ویکسین سے متعلق کوئی سوال ہو تو افواہوں پر اعتماد کرنے کے بجائے مستند ڈاکٹر سے معلومات حاصل کریں۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر حنان نے کہا کہ ہر انسداد پولیو مہم میں رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کرکے ان کی ویکسینیشن یقینی بنانا ضروری ہے۔ رہ جانے والے بچوں کو صرف شمار نہ کیا جائے بلکہ ان کا پروفائل، میپ اور فالو اپ بھی کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موبائل اور نقل مکانی کرنے والی آبادیوں کی مسلسل ویکسینیشن پر خصوصی توجہ ضروری ہے جبکہ دشوار گزار علاقوں میں پولیو نگرانی کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ پولیو کے خلاف نگرانی کا نظام وائرس سے ایک قدم آگے رہنا چاہیے اور مضبوط مائیکرو پلاننگ ہی معیاری انسدادِ پولیو مہم کی بنیاد ہے۔

مزید خبریں