پچھلی حکومت نے جو معاہدے کئے وہ ہمارے گلے پڑ گئے،پیٹرول مہنگا کرنے کے بغیر کوئی چارہ نہ تھا،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ

فیصل آباد ۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جو معاہدے کئے وہ ہمارے گلے پڑ گئے اوران معاہدوں کی روشنی میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے پیٹرول مہنگا کرنے کے بغیر کوئی چارہ نہ تھاجبکہ مہنگائی بڑھنے کی ایک وجہ پچھلے ساڑھے تین سال کی بیڈ گورننس بھی تھی۔وہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں ویلفیئر گرانٹس، ٹیلنٹ سکالر شپس،میرج گرانٹس کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پرسابق ایم این میاں منان،حاجی اکرم انصاری،سٹی صدر مسلم لیگ(ن) شیخ اعجاز،امان اللہ ایم پی اے گوجرانوالہ، حیدر خان ایم پی اے،سیکرٹری محنت و انسانی وسائل پنجاب لیاقت علی چٹھہ، لیبر لیڈر حاجی اسلم وفا،وائس چانسلر پنجاب میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف، اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف، لیبر ونگ کے صدر و سیکرٹری، محکمہ لیبر کے افسران سمیت مزدوروں کی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ساڑھے تین ارب کی رقم مزدوروں میں تقسیم کی جارہی ہے کیونکہ حکومت سمجھتی ہے کہ آج کے دور میں مزدور کو ایک ایک روپے کی ضرورت ہے مگرانتہائی شرم کی بات ہے کہ پچھلی حکومت نے مزدوروں کے فنڈز نہیں دئیے اور پیسے ہونے کے باوجود مزدوروں کو رقم تقسیم نہیں کی گئی یہی وہ نالائقیاں ہیں جس کی وجہ سے نااہل حکومت کو ختم کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ساڑھے تین سال تک مزدور کا خیال نہیں آیالیکن جس دن سے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ [پنجاب حمزہ شہبازنے ذمہ داری سنبھالی اس دن سے عام آدمی کیلئے کام شروع کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے درخواست کی کہ تنخواہیں بڑھائیں جس پر ان کی درخواست قبول کرلی گئی۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی سے ہمارا تعلق بہت گہرا ہے لیکن پھر بھی ہمیں مہنگائی کا کہا جاتا ہے کہ یہ کیوں ہورہی ہے حالانکہ مہنگائی بڑھنے کی صرف ایک وجہ ہے وہ ہے سابق حکومت کی غلط پالیسیاں اور نالائقیاں جس سے ہمیں آج یہ دن دیکھنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ پیٹرول کی قیمتیں ہیں اور پیٹرول مہنگا ہونے پر انہوں نے بہت دکھ کا اظہار کیاجبکہ سب سے زیادہ دل محمد نواز شریف کا دکھالیکن پیٹرول مہنگا کرنے کے بغیر کوئی چارہ ہی نہیں تھا۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کا اصرار تھا کہ سبسڈی ہر صورت ختم اور لیوی پچاس روپے کرنی ہے لیکن عمران خان نے سبسڈی ختم کرنے کی بجائے بڑھا دی لہٰذا اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوتا تو نہ کوئی ہمیں تسلیم کرتا اور نہ کوئی پیسہ دیتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو الیکشن کے لیے تیار تھے اور اتحادیوں کو بھی راضی کرلیا تھالیکن اگر قائم مقام حکومت بنا دیتے تو ملک فوری دیوالیہ ہونے کی طرف جانا تھااسلئے ہم نے فیصلہ کیا کہ ملک بچانے کے لیے مشکل فیصلے لیں اسی لئے ہم نے حکومت لے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ سب کچھ اس لئے بتایا کہ وہ لوگ جو آج کے حالات کی وجہ ہیں وہ یہ باتیں کررہے ہیں حالانکہ انہوں نے اپنی حکومت میں سوائے انتقامی کارروائی کے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ سامنے لے آئیں تو دیکھیں اس پر شوکت ترین کے سائن ہیں جبکہ سبسڈی زیرو کرنے اور لیوی پچاس روپے کرنے پربھی دستخط شوکت ترین نے ہی سائن کررکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر مفتاح اسماعیل کے دستخط ہوئے تو اس کو سزا دینا۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کو پچیس مئی کو اسلام آباد آکر کچھ نہیں ملا بلکہ وہ کہتے ہیں کہ ہم پر شیلنگ کی گئی یہ وہی شیلنگ ہے جو انہوں نے ہمارے لئے خریدی تھی لیکن وہ ان پر ہی چل گئی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کل جلسے میں دس ہزار کرسیاں تھی جس میں سے بھی اکثریتی کرسیاں خالی تھیں بلکہ جو لوگ موجود تھے وہ بھی کے پی کے سے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں نے انہیں مسترد کردیا ہے مگر اب وہ چلا چلا کر کہہ رہا ہے کہ مجھے اقتدار میں لے آؤ ورنہ رونے لگ جاؤنگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بارہ بجے کا وقت دیا تھا وہ سوا گیارہ بجے ہی چلایا گیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نیازی یہ ظاہر کرتا ہے کہ سب برے ہیں بس یہی اچھا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جس نے اسے ایماندار قرار دیا وہ اب اپنی عزت بچاتا پھرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہتا تھا پنجاب کا بڑا ڈاکو پرویز الٰہی ہے لیکن اب پچھلے ڈیڑھ مہینے سے یہ اس کو وزیر اعلیٰ بنانے کی کوشش کررہا تھااس کا جواب کس نے دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چور اور ڈاکو کہتے ہوخود اپنا حساب دو۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فرح گوگی کی دو سو چالیس کنال جگہ بنی گالہ میں ہے جو اربوں کی جگہ ہے اور وہ اتنی بااثر تھی کہ فرح گوگی کو وزیر اعظم ہاؤس میں آنے جانے سے روکا نہیں جاتا تھایہی نہیں بلکہ فیصل آباد فیڈمک میں بھی کروڑوں کی جگہ فرح گوگی کے نام نکلی ہے اسی طرح آنیوالے دنوں میں پچاس فرح گوگیاں اور فرح گوگے مزید برآمد ہونگے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم شفاف تحقیقات کرکے اس کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے رجسٹریاں اور انتقال نمبر بھی بتائے مگر کسی نے جواب نہیں دیا لیکن جیسے جیسے چیزیں سامنے آئیں گی اس کے کیس بنیں گے کیونکہ یہ تو خود ایف آئی اے کو کہتا تھا کچھ نہ کچھ نکالومگر ہمارا اعلان ہے کہ ہم کسی بھی مخالف کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ بندہ 2014 سے اسی کام پر گامزن ہے جبکہ ہم نے اپنے دور میں دو بڑے مسئلے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کو ختم کیا تھالیکن آج دوبارہ جو لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اس کی وجہ ان کی نااہلی ہے کیونکہ ان کے دور میں پانچ ڈالر پر گیس تھی لیکن آج گیس 29 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا مسئلہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے اس کو ہم ہر صورت جلد حل کریں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فرح گوگی کے تانے بانے بنی گالا سے ملتے ہیں لہٰذا جو قصور وار ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ ہم نے ملک کی بہتری اور ڈیفالٹ سے بچنے کیلئے اتحادیوں سے ملکر حکومت سنبھالی ہے جبکہ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں نیزآرمی چیف کی تعیناتی بھی آئین و قانون کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر مزدوروں کو مختلف مدات میں 1 ارب 13 کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی جارہی ہے جبکہ گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران مزدوروں کو کوئی گرانٹس نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ نیازی ہر کسی کو چور ڈاکو، لٹیرا کہتا رہالہٰذا اس کی اسی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے اس ٹولے کو اقتدار سے ہٹایا گیا۔انہوں نے کہا کہ غریب اور حق دار کو اس کا حق صحیح وقت پر ملنا چاہیے۔