پچھلے دور میں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو نیلام کرنے کی باتیں کی گئیں، یہ ادارے محض عمارتیں نہیں قومی اثاثہ ہیں، نیشنل براڈ کاسٹر پوری دنیا میں ہماری شناخت ہوتے ہیں، مریم اورنگزیب

278
مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب

راولپنڈی۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پچھلے دور میں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو نیلام کرنے کی باتیں کی گئیں، یہ ادارے محض عمارتیں نہیں ہمارا قومی اثاثہ ہیں، نیشنل براڈ کاسٹرز پوری دنیا میں ہماری شناخت ہوتے ہیں، ہمارا مقصد قومی اداروں کو پاکستان کی شناخت کے لئے استعمال کرنا ہے، ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے 52 سے زائد ممالک میں ریڈیو کی نشریات پہنچ سکیں گی،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو راولپنڈی کے نواحی علاقے روات میں ریڈیو پاکستان کے 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلی مرتبہ 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر نصب کیا جا رہا ہے جو ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں اہم سنگ میل ہے۔ یہ ٹیکنالوجی پوری دنیا میں استعمال کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان 1947ءسے اینا لاگ اور شارٹ ویو کی ٹیکنالوجی استعمال کر رہا تھا، اس کے بیشتر ٹرانسمیٹرز اپنی طبعی مدت پوری کر چکے تھے۔ ریڈیو پاکستان کو ڈیجیٹل آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی اشد ضرورت تھی، اس ٹیکنالوجی کی فراہمی پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے تعاون کا شکریہ ادا کرتی ہوں، وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اینالاگ اور شارٹ ویو ٹیکنالوجی کا دور ختم ہو چکا ہے، اب دنیا میں ریڈیو کی نشریات ڈیجیٹل ریڈیو منڈیال ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی ٹرانسمیشن اب 52 سے زائد ممالک میں ڈیجیٹل میڈیم ویو کے ذریعے پہنچ سکے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے میڈیم ویو کے 20 ٹرانسمیٹرز میں سے 14 ٹرانسمیٹرز اپنی طبعی عمر پوری کر چکے تھے جس کی وجہ سے پاکستان کا ورثہ، کلچر، نیوز کانٹینٹ پاکستان کے کئی علاقوں تک نہیں پہنچ پا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ریڈیو منڈیال ٹیکنالوجی پر منتقلی سے بجلی کے استعمال میں بھی 30 سے 40 فیصد بچت ہوگی اور ریڈیو پاکستان کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پشاور میں 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کے آرکائیو، چاغی سٹوڈیو اور ریڈیو کی عمارت کو آگ لگائی گئی، اسی طرح 2014 میں ایک گروہ نے پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ پچھلے دور میں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو نیلام کرنے کے نعرے لگائے گئے، یہ محض عمارتیں نہیں یہ ہمارا قومی اثاثہ ہیں، نیشنل براڈ کاسٹرز پوری دنیا میں ہماری شناخت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ صرف ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی کے منصوبے کا آغاز کیا بلکہ ریڈیو پاکستان میں ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کا بھی آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی وی فلکس کا آغاز کیا جس کے اندر پی ٹی وی کے تمام آرکائیو کو ڈیجیٹل کیا گیا ہے، اسی طرح ریڈیو پاکستان کا تمام نیشنل آرکائیو بھی ڈیجیٹل ہو گیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف جلد باضابطہ طور پر اس کا افتتاح کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹرز کے ذریعے ریڈیو پاکستان کی آواز اور نشریات برصغیر کے علاوہ وسط ایشیا ، مڈل ایسٹ، فار ایسٹ، ترکی اور یونان سمیت 52 ممالک تک سنی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے روزگار میں اضافہ ہوگا، ریڈیو براڈ کاسٹنگ میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھے گی، ریڈیو پاکستان کی استعداد میں 70 فیصد اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان اور ریڈیو پاکستان کے ڈی جی طاہر حسن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے مستعدی سے کام کریں گے، تو ان سے منسلک ملازمین کے مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے مسائل پر وزارت اطلاعات نے وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر ایک نظام مرتب کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم روات میں میڈیا سٹی کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن اور مشن ہے کہ روزگار بڑھے، ریڈیو پاکستان سے منسلک ملازمین کے حالات بہتر ہوں، اس کی ٹرانسمیشن بہتر ہو اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کیا جائے، یہی وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) قائم کی گئی ہے جس کا مقصد پاکستان کے اداروں اور نوجوانوں کی ترقی اور مختلف شعبوں کے اندر سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، یہ وہ وژن ہے جس کے ذریعے ہم قرضوں سے نجات اور معاشی استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2016ءمیں نواز شریف کے دور میں ہم نے آئی ایم ایف کو خیبر باد کہہ دیا تھا، ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی ٹی کے استعمال سے ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آج ریڈیو پاکستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ جدید ٹیکنالوجی سے استوار کیا جا رہا ہے، ہمارا مقصد ان اداروں کو پاکستان کی شناخت کے لئے استعمال کرنا ہے۔ تمام وزارتوں کی مشکور ہوں جنہوں نے اس منصوبے میں اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزارت اطلاعات کے دیگر اداروں کو بھی ڈیجیٹل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جس جگہ پریس کانفرنس کر رہی ہوں اس جگہ کو پانچ سال بعد ریڈیو پاکستان نے اپنی تکنیکی مہارت کے ذریعے بحال کیا ہے جس پر ریڈیو پاکستان کے تمام ملازمین اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ریڈیو مونڈیال کی ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھ دی ہے، دو سال کا یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگران سیٹ اپ کا اعلان کیا جائے گا، پارلیمنٹ کی تحلیل کا فیصلہ بھی اتحادی حکومت اور وزیراعظم کریں گے، نگران وزیراعظم کے حوالے سے جو بھی نام ہوں گے وہ سامنے آ جائیں گے