پچھلے چار سال میں عمران خان، کارٹلز اور مافیا کی جیبیں بھری گئیں، وفاقی وزیر اطلاعات کا فواد چوہدری کے ٹویٹ پر ردعمل

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پچھلے ‏چار سال پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں صرف عمران خان، کارٹلز اور مافیاز کی جیبیں بھری گئیں، ملک کو عمران خان لمیٹڈ کمپنی کے طور پر چلایا گیا۔

جمعرات کو پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے ٹویٹ پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال وزیراعظم کا اختیار عوام کو بھوکا، غریب کرنے، معاشی تباہی اور کشمیر فروشی کے لئے استعمال ہوا، ‏پٹرول، بجلی، گیس، دوائی، آٹا، چینی، آلو، پیاز اور تیل سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت مہنگا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سوچی سمجھی سازشی حکمت عملی کے تحت ملک کی معیشت کو تباہ کیا گیا، عوام نالائقوں، چوروں اور مافیا کو موقع نہیں دیتی، یہ حقیقت سمجھیں عوام سب جانتی ہے۔