پچھلے 70سال سے ملک کو بیدردی سے لوٹا گیا ‘لٹیروں نے نہ صرف ملکی دولت باہر منتقل کی بلکہ خود بھی علاج کے بہانے ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے،وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

66

فیصل آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے پوری طرح کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے نہ صرف لوگوں کے مسائل حل کئے جارہے ہیں بلکہ زندگی کی بنیادی ضرورتیں بھی انہیں گھر کی دہلیز پر مہیا کی جارہی ہے۔

اتوار کی رات اپنے حلقہ نیابت این اے 108 میں موگیاں چوک چک 235 رب ملکھانوالہ میں 9.42 کلومیٹر طویل سمندری روڈ نیاموآنہ منڈی تا مچھلی فارم ستیانہ روڈ فیصل آباد کی رابطہ سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے ستر سال سے ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا اور لٹیروں نے نہ صرف ملکی دولت باہر شفٹ کی بلکہ خود بھی علاج کے بہانے ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے تاہم وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے وعدہ ہے کہ وہ ان لٹیروں کو ضرور ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور اس سلسلہ میں علاج کے بہانے لندن بھاگنے والے کو بھی بہت جلد واپس لائیں گے اور ان سے لوٹی ہوئی ملکی دولت واپس نکلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبانے دنیا کو ہلا کر رکھ دیاجبکہ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا کے دوران ملک کے اندر لاک ڈاؤن لگانے پر بہت زور دیا مگر وزیر اعظم عمران خان کو غریب آدمی کا چولہا بجھنے کا خوف تھا جس کے سبب حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی اور مزدور کو روزگار کی فراہمی کیلئے صنعتی پہیے کو رواں دواں رکھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کمزور اور غریب عوام کا بہت ہمدرد ہے یہی وجہ ہے کہ اس نے غریب عوام کیلئے کئی منصوبے شروع کررکھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے غریب عوام کو اپنا گھر فراہم کرنے کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کی سکیم متعارف کروائی ہے جس میں لوگوں کو پندرہ بیس سال کیلئے قرضہ دیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنا گھر تعمیر کرسکیں اور قرضے کی رقم آسان اقساط میں اس طرح واپس کریں جیسے وہ اپنے مکان کا کرایہ ادا کرتے تھے۔اسی طرح حکومت اس سال کے آخر تک پنجاب کے ہر گھرانے کو ایک ہیلتھ کارڈ جاری کرے گی تاکہ وہ اپنی پسند کے ہسپتال اور ڈاکٹر سے علاج کرواسکیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت اس سال کسانوں کواپنی فصلوں کا صحیح معاوضہ ملا جس سے کسانوں کی مالی مشکلات میں کمی آئی جبکہ حکومت نے بیروزگار نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے پانچ لاکھ روپے کے بلاسود قرضے جاری کرنے کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف ایک زرعی ملک ہے جس کے پاس 22کروڑ ایکڑ زمین بھی ہے مگر پھر بھی ہم اپنی گھریلو ضروریات پوری کرنے کیلئے دالیں، کھانے کا تیل اور دیگر اجناس درآمد کرتے ہیں جس پر کثیر زر مبادلہ خرچ کرنا پڑتاہے کیونکہ ہم اپنے کل رقبہ میں سے صرف 5کروڑ ایکڑ کاشتکاری کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں زرعی پیداوار کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ رقبہ کو زیر کاشت لایا جائے گا اور اس پر دالوں، سبزیوں اور خوردنی تیل پیداکرنے والی فصلیں کاشت کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لائیو سٹاک سیکٹر پر بھی خاص توجہ دے رہی ہے تاکہ دودھ کی پیداوار کو بڑھا کر ملکی غذائی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جو پاکستان کی خاطر دنیا کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرتا ہے اور اس نے امریکہ کو جنگ کیلئے پاکستان کی سرزمین دینے سے صاف انکار کردیا جبکہ ماضی کے حکمرانوں میں یہ جرات نہیں تھی۔ علاقائی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیامو آنہ سے مچھلی فارم تک روڈ کی تعمیر شروع ہوچکی ہے جس پر 157.514 ملین روپے لاگت آئے گی اورمنصوبہ کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو آسان سفر کی سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیاموآنہ اور اس کے اردگرد کی آبادیوں کو گیس کی فراہمی کیلئے 5کروڑ روپے جاری ہوچکے ہیں جبکہ اس علاقے کی ہر یونین کونسل میں ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کے ساتھ ساتھ یہاں کے سکولوں کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واسا نے ملکھانوالا، خوشحال ٹاؤن، نیاموآنہ اور اردگرد کی آبادیوں کے سیوریج کے مسائل حل کرنے کیلئے 30کروڑ روپے کی لاگت سے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس پر بہت جلد عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔ قبل ازیں انہوں نے رابطہ سڑک کی تعمیر کیلئے تختی کی نقاب کشائی کی جبکہ اس موقع پر علاقہ کے معززین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔