اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی اور پائیدار ستون ہے، پاکستان کے ساتھ ہمارا برادرانہ رشتہ ایک خاص مقام رکھتا ہے جس پر ایران کے سپریم لیڈر نے مسلسل زور دیا ہے، یہ مشترکہ نقطہ نظر دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایران کے اسلامی انقلاب کی فتح کی 46 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں ہم نے اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں سرحدی گزرگاہوں اور تجارتی منڈیوں کو کھولنا شامل ہے جس نے دونوں ممالک اور وسیع تر خطے کی اقتصادی خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان جغرافیائی رابطے، مشترکہ مفادات اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہماری اجتماعی کوششوں کو ہماری صلاحیتوں کو بڑھانے، علاقائی ترقی کو فروغ دینے اور ہمارے لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج دوستانہ، برادرانہ اور پڑوسی ملک پاکستان میں ایران کا قومی دن منانے کے لیے آپ کے درمیان ہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، ایران کا اسلامی انقلاب 20 ویں صدی کے سب سے اہم واقعات میں سے ایک ہے، اس انقلاب نے خود انحصاری، سیاسی اور ثقافتی خودمختاری اور خود کفالت کا جذبہ پیدا کیا جس نے ایران کے آگے بڑھنے کے راستے کو تشکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد چیلنجز، دبائو اور پابندیوں کے باوجود ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی، طب، نینو ٹیکنالوجی، اسٹیم سیل ریسرچ، ایرو اسپیس اور بہت سے دوسرے شعبوں میں شاندار پیش رفت کی ہے۔
ایران کے سفیر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد اعلیٰ سطحی وفود کا تبادلہ ہوا جو ہمارے دوطرفہ تعلقات کے متحرک ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل ذکر دوروں میں شہید صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کے دورہ ایران شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جغرافیائی قربت کے پیش نظر دونوں ممالک کے پاس سٹریٹیجک تعاون کے ذریعے ایک دوسرے کی ضروریات کو پورا کرنے کے وسیع مواقع ہیں، ہماری معیشتیں مسابقتی کے بجائے تکمیلی ہیں، ایران دنیا کے سب سے بڑے تیل اور گیس کے ذخائر کے ساتھ اور پاکستان زرعی اور مویشیوں کے وسائل سے مالا مال ایک زرخیز زمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ نقل و حمل کے نیٹ ورکس کو بڑھانے بشمول آئی ٹی آئی ریل روٹ، بندرگاہ اور بنیادی ڈھانچے کے تعاون کو وسعت دینے کے لیے کوششوں کی حمایت کی ہے۔سفیر نے کہا کہ اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانا اور ہماری مشترکہ سرحدوں کو بروئے کار لانا دونوں ممالک کے لیے کاروبار کو فروغ دینے، خوشحالی، استحکام اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے قابل بنائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=556995